کنداپور2/دسمبر (ایس او نیوز) کنداپور کے بھنڈارکر کالج میں زیر تعلیم سمپت ڈی کھاروی نے اپنے پیروں کو زنجیر سے باندھ کر پنچاگنگاولی ندی میں تیرنے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
سمپت کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ کھاروی کیری کا رہنے والا ہے اور تیراکی کا شوقین اور ماہر ہے۔اس نے بسرور کے پاس واقع ریلوے پل کے قریب مہاکالی مندر انتظامیہ کمیٹی کے صدر پرکاش کھاروی کے ہاتھ سے اپنے پیروں میں زنجیر لگوائی اور ندی میں تیرنا شروع کیا۔ تقریباً چار گھنٹے تک ندی میں تیرتے ہوئے اس نے25کلو میٹر کا فاصلہ طے کیااور گنگولی میں ندی کے کنارے پرپہنچ کر دم لیا۔
سمپت جب بندھے ہوئے پیروں کے ساتھ ندی میں تیر رہا تھا تو اس کے والد دیورایا کھاروی کے علاوہ کچھ ماہر تیراک اس کے ساتھ محافظ کے طور پر حلقہ بناکر تیرتے رہے۔اس کے علاوہ سمپت کے چاہنے والے ایک کشتی میں سوار ہوکر اس کے ساتھ سفر کرتے اورڈرم دیگر موسیقی کے آلات بجاکراس کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔ندی کے دونوں کناروں سے بھی ہزاروں لوگوں نے سمپت کو شاباشی دی اور ہمت بندھائی۔
جب سمپت تیرتے ہوئے گنگولی بندرگاہ پر پہنچا تو پولیس سب انسپکٹر واسپّا نائکا نے اس کا استقبال کیا۔ اس موقع پر اسے مبارکباد ینے کے لئے سرکاری اسپتال کے میڈیکل آفیسر وجئے شنکر، فزیکل ایجوکیشن ٹیچر آنند پجاری کے علاوہ کچھ اداروں کے ذمہ دار اور سیکڑوں شائقین موجود تھے۔کھاروی کیری یوا بریگیڈ کے اراکین نے سمپت کے لئے تہنیتی پروگرام منعقد کیا۔